میاں چنوں (نمائندہ خصوصی )میاں چنوں کے ٹیکسی ڈرائیور نے اپنے بھائی سے مل کر بیرون ملک ویزوں کے نام پر سادہ لوح شہریوں سے کروڑوں روپے ہتھیا لئے۔تفصیلات کے مطابق فیصل ٹائون میاں چنوں کا رہائشی ٹیکسی ڈرائیور محمد عامر اور اس کا بھائی عبد القادر عرف قادرا ٹیکسی والا نے ایک گینگ بنا رکھا ہے جو گجرات ،کھاریاں ،عارف والا ، فیصل آباد اور میاں چنوں سے درجنوں لوگوں کو بیرون ملک خاص طور پر برطانیہ کے ویزے کا لالچ دے کر کروڑوں کا چونا لگا چکے ہیں۔محمد عامرخود کو انگلینڈ کا بزنس مین ظاہر کرتا ہے اور بیرون ملک بیسیوں شادیاں بھی کرچکا ہے اور متعدد خواتین کو بھی شادی کا جھانسہ دے کر ان سے بھاری رقوم ہتھیا چکا ہے۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس نوسرباز کے کئی ساتھی کھاریاں ، گجرات اور عارف والا میں بھی سرگرم ہیں ۔ملزم اپنے گینگ کے ارکان کے ذریعے ان معصوم لوگوں کے اہلخانہ کو دھمکیاں دیتا ہے اور ان کے خلاف جعلی مقدمات درج کرانے کی دھمکیاں دے کر ان سے بھاری رقوم اینٹھتا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دونوں بھائیوں اور ان کے نوسر باز ساتھیوں پر مشتمل ایک منظم بلیک میلر گروہ ہے جو انسانی سمگلنگ میں ملوث ہے ۔دونوں بھائی مختلف سادہ لوح افراد کو لالچ دے کر ان کے بینک اکائونٹس کو استعمال کرتے ہیں اور بیرون ملک فراڈ اور دھوکہ دہی سے ہتھیائی رقوم ان کے اکائونٹس میں ٹرانسفر کر کے بعد میں ان لوگوں کو بھی خود کو بزنس مین ظاہر کر کے بلیک میل کرتے ہیں۔ایک متاثرہ شخص محمد اسلم کے مطابق محمد عامر نے حال ہی میں پاکستان سیر کیلئے آئی غیر ملکی خاتون سے شادی کی اور پھر سکاٹ لینڈ چلاگیا اور مذکورہ خاتون سے لاکھوں روپے کی بھاری رقم ہتھیا کر اسے طلاق دے دی۔متاثرین نے آئی جی پنجاب اور ڈی جی ایف آئی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیکسی ڈرائیور محمد عامر اور اس کے بھائی عبدالقادر عرف قادرا ٹیکسی والا کے خلاف تحقیقات کی جائیں تو ایک بہت بڑا گینگ جو کہ انسانی سمگلنگ ،بلیک میلنگ اور غیر قانونی شادیوں کے نام پر سادہ لوح لوگوں سے جھوٹ اور فراڈ کرنے میں ملوث ہے ، کا بڑا نیٹ ورک پکڑا جاسکتا ہے۔متاثرین کے مطابق ان دونوں بھائیوں کے اکائونٹس کا حساب کتاب ہی دیکھا جائے تو سارا کچا چٹھا کل کر سامنے آجائے گا۔