لاہور ( کرائم رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ویژ ن کی تکمیل میں پنجاب پولیس لاہور سمیت صوبہ بھر میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے مصروف عمل ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران 1 لاکھ 59 ہزار سے زائد افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 2 لاکھ 78 ہزار سے زائد چالان جبکہ 15 کروڑ 70 لاکھ روپے جرمانے کیے گئے۔ دھواں چھوڑنے والی 5 ہزار 526 گاڑیوں کے چالان اور 519 کو تھانوں میں بندکیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ رواں سال کے دوران 34 لاکھ 71 ہزار سے زائد افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 49 لاکھ 83 ہزار سے زائد چالان اور 3 ارب روپے سے زائد جرمانے کیے گئے۔ رواں سال دھواں چھوڑنے والی 2 لاکھ 24 ہزار سے زائد گاڑیوں کے چالان اور0 1924 کو تھانوں میں بندکیا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری نہ کرنے والوں کے خلاف کاروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور ٹریفک چالانوں کے نادہندگان سے ریکوری کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ پنجاب پولیس کے 127 ڈرائیونگ ٹریننگ سکولز میں شہریوں کو ٹریننگ بھی دی جارہی ہے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ ڈرائیونگ ٹریننگ سنٹرز میں شہریوں کو روڈ سیفٹی، ڈرائیونگ لائسنسنگ اور ٹریفک ایجوکیشن کے حوالے سے آگاہی دی جارہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بغیر لائسنس گاڑی چلانا جرم ہے اور ڈرائیور شہریوں کے پاس لائسنس کی موجودگی انتہائی اہم ہے۔ لرنر، ریگولر ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید، لرنر لائسنس اور ڈوپلیکیٹ لائسنس کیلئے شہری آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں۔