
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 اور آئرلینڈ میں ہونے والی ٹرائی سیریز کے لیے 15 رکنی قومی خواتین ٹیم کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت فاطمہ ثنا کریں گی۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں پانچ کھلاڑی پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لیں گی، جن میں ایمن فاطمہ، نطالیہ پرویز، رمین شمیم، سائرہ جبین اور تسمیہ رباب شامل ہیں۔ ٹیم میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا امتزاج رکھا گیا ہے۔
قومی ٹیم 28 مئی سے 4 جون تک آئرلینڈ میں ہونے والی ٹرائی سیریز میں بھی حصہ لے گی، جس میں میزبان آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔
ورلڈ کپ میں پاکستان اپنی مہم کا آغاز 14 جون کو بھارت کے خلاف برمنگھم میں کرے گا، جبکہ دیگر میچز جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، آسٹریلیا اور نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے جائیں گے۔ سیمی فائنلز 30 جون اور 2 جولائی کو جبکہ فائنل 5 جولائی کو لارڈز میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ فاطمہ ثنا مسلسل دوسری بار ٹیم کی قیادت کریں گی اور یہ ان کا تیسرا ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہوگا۔