بارش میں کرنٹ لگنے سے شہری کی موت، کے الیکٹرک کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے کا جرمانہ

کراچی میں عدالت نے بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے شہری کے جاں بحق ہونے کے کیس میں کے الیکٹرک کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

سینئر سول جج وسطی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کی فراہمی سے متعلق ادارے پر شہریوں کے تحفظ کی غیر معمولی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، اور اگر کھمبے پر کسی اور ادارے کی تاریں بھی موجود ہوں تو اس سے کے الیکٹرک اپنی ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں ہو سکتا۔

عدالت نے قرار دیا کہ بجلی کی ترسیل کا نظام اور عوامی مقامات کو محفوظ بنانا متعلقہ ادارے کی بنیادی ذمہ داری ہے، جبکہ عوامی جگہ پر نصب پول میں کرنٹ ہونا خود غفلت کے مترادف ہے۔

فاضل عدالت نے حکم دیا کہ ہرجانے کی رقم 90 روز کے اندر متاثرہ خاندان کو ادا کی جائے۔

یاد رہے کہ 2019 میں بارش کے دوران شہری شیخ سعد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئے تھے، اور علاقے کے مکینوں کی جانب سے پول میں کرنٹ کی شکایت کے باوجود بروقت کارروائی نہیں کی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں