لاہور(نیاز بٹ سے )سر گنگا رام ہسپتال کی بلیک لسٹ کمپنی ایس بی کلیننگ سروسز کے مالک طیب خان کا اپنے 15 ساتھیوں کے ساتھ 10 ماہ کی تنخواہ مانگنے والے ورکرز اہد جاوید پر جان لیوا حملہ ،شدید تشدد کرتے ہوئے لیڈی ورکروں کے سامنے ننگا کرنے کا انکشاف۔تفصیلات کے مطابق سر گنگا رام ہسپتال میں پچھلے 15 سالوں سے ورکروں کا خون چوسنے والے ٹھیکیدار طیب خان کا کرپشن اور ناقص کارکردگی پر ایم ایس سر گنگا رام عارف افتخار نے ٹھیکہ کینسل کر دیا جس کے بعد ایم ایس سروسز ڈاکٹر عابد غوری نے ایس بی کلیننگ سروسز کمپنی کو کرپشن اور ناقص کارکردگی اور لوٹ مار کی وجہ سے بلیک لسٹ کر دیا ۔جس پر ٹھیکیدار طیب خان ذہنی مریض بن گیا ۔ دونوں ہسپتالوں میں کروڑوں کی رقم بلاک ہونے پر پاگلوں جیسی حرکتیں کرنے لگا ۔اسی دوران تمام ورکروں کی طرف سے پچھلے 10 ماہ کی تنخواہوں کا مطالبہ زور پکڑنے لگا جس پر روبینہ ،کرن جو کہ زاہد جاوید کی والدہ اور بہن ہیں ، سے زاہد جاوید نے اپنی اور اپنی والدہ بہن کی تنخواہ کا مطالبہ کیا تو طیب خان نے اپنے ساتھیوں سلیمان ، شمیر نعیم ، ساجد ،توقیر ، منیب ، فاروق ، مجاہد عباس ، افضل ، نعیم ، عرفان شاہ ، فیضان شاہ ، تین نامعلوم افراد کے ہمراہ للکارہ مارا کہ زاہد کو تنخواہ مانگنے کا مزا چکھائو جس پر اکیلے زاہد جاوید پر طیب کے ایما پر حملہ کر دیا ،اس کا سر پھاڑ دیا اور شدید تشدد کا نشانہ بنایا ۔اس موقع پر صفائی کی لیڈی ورکر ز نے زاہد جاوید کو چھڑانے کی کوشش کی تو طیب خان کے ایما پر زاہد جاوید کو لیڈی ورکروں کے سامنے ننگا کر دیا ۔اس وقوعہ کی تھانہ سول لائن میں درخواست دی ہے اور میڈیکل بھی کروایا ہے ۔لیکن ابھی تک پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا ہے ۔زاہد کی والدہ روبینہ بی بی نے اپنا لاہور ،ایک پاکستان کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا طیب خان لالچی او رایک ظالم انسان ہے اور ورکروں کو حکومت کی منظور شدہ تنخواہ دینے کی بجائے اپنی مرضی کی تنخواہ دیتا ہے ۔ گائنی وارڈ کے ورکروں سے روزانہ 15 سو روپے رشوت لیتا ہے اور مریضوں کے لواحقین سے زبردستی بخشش لینے پر مجبور کرتا ہے ۔اس کی ان حرکتوں کی وجہ سے ایم ایس سر گنگا رام ہسپتال نے ٹھیکہ کینسل کیا ۔اس موقع پر ورکروں کا کہنا تھا ہم طیب خا ن کے خلاف کرپشن کرنے ،بلیک میل کرنے اور کروڑوں روپے ای او بی آئی ،سوشل سکیورٹی کے نام پر لوٹنے پر اینٹی کرپشن میں درخواست دیں گے جس کیلئے تمام ورکرز اپنے اپنے بیان حلفی درخواست کے ساتھ جمع کروائیں گے ۔