قومی کرکٹرز کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں بڑے پیمانے پر ردو بدل کا امکان

قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس میں آئندہ سیزن کے لیے بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق موجودہ سینٹرل کنٹریکٹ کا فنانشل ماڈل 30 جون کو ختم ہو جائے گا جبکہ نئے کنٹریکٹس کا آغاز یکم جولائی سے ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی اس نئے فنانشل ماڈل کے حوالے سے حتمی فیصلہ کریں گے۔

2023 میں سابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کے دور میں تین سالہ فنانشل ماڈل متعارف کرایا گیا تھا، جسے موجودہ انتظامیہ نے برقرار رکھا، تاہم کھلاڑیوں کی فٹنس اور کارکردگی کی بنیاد پر کیٹیگریز میں رد و بدل کا سلسلہ جاری رہا۔

ذرائع کے مطابق اس بار نئے سینٹرل کنٹریکٹس میں نمایاں تبدیلیوں کا امکان ہے، جس کے تحت کئی کھلاڑیوں کی کیٹیگریز میں ترقی اور تنزلی بھی کی جا سکتی ہے۔

گزشتہ سال 30 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا تھا اور پہلی بار کسی کھلاڑی کو اے کیٹیگری میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔

مزید اطلاعات کے مطابق محمد نواز، عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، حسین طلعت اور خوشدل شاہ کی شمولیت کے امکانات کم بتائے جا رہے ہیں، جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے اذان اویس اور عبداللہ فضل جیسے کھلاڑیوں کی شمولیت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں