
مناواں میں گھریلو ناچاقی کے باعث افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر شوہر کی فائرنگ سے اس کی بیوی جاں بحق جبکہ سالی زخمی ہوگئی۔
پولیس کے مطابق ملزم عبدالمجید نے فائرنگ کر کے 40 سالہ اپنی بیوی ثمینہ کو قتل کر دیا، جبکہ 50 سالہ سالی نگینہ بھی زخمی ہوگئی۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا جبکہ مقتولہ کے بیٹے زین کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایس پی کینٹ اختر نواز کے مطابق زخمی خاتون کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ثمینہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی جبکہ دوسری خاتون کا علاج جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔