
جنوبی افریقہ میں حیران کن واقعہ رونما ہوا، پولیس نے ایک بڑے مگرمچھ کو دریا سے نکال کر اسے چیک کیا تو اس کے پیٹ سے انسانی باقیات برآمد ہوئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ باقیات ایک لاپتہ تاجر کی ہو سکتی ہیں، جو چند روز قبل سیلابی پانی میں بہہ گیا تھا۔
جنوبی افریقہ میں ایک پولیس افسر نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دیوہیکل مگرمچھ کو دریا سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا، جس کے بعد ہونے والے طبی معائنے میں انکشاف ہوا کہ مگرمچھ کے پیٹ میں انسانی باقیات موجود تھیں۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ مگرمچھ کی لمبائی تقریباً ساڑھے 4 میٹر اور وزن لگ بھگ 500 کلوگرام تھا۔
رپورٹس کے مطابق برآمد ہونے والی باقیات غالباً 59 سالہ تاجر کی ہیں، جو گزشتہ ہفتے لاپتہ ہو گیا تھا۔ پولیس کو شبہ تھا کہ مذکورہ مگرمچھ نے اسے نگل لیا، جس کی نشاندہی ڈرونز کے ذریعے کی گئی۔ بعد ازاں مگرمچھ کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے وہاں سے منتقل کیا گیا۔
جب مگرمچھ کو زمین پر لا کر چاک کیا گیا تو اس کے پیٹ سے انسانی باقیات کے علاوہ ایک انگوٹھی اور جوتوں کے 6 جوڑے بھی برآمد ہوئے، جس سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ دیگر افراد کی بھی ہو سکتی ہیں۔
حکام کے مطابق لاپتہ تاجر، جس کی شناخت گیبریل باتیستا کے نام سے ہوئی ہے، جو گزشتہ روز سیلابی صورتحال کے دوران ایک زیرِ آب پل عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا تاکہ اپنے ہوٹل اور بار تک پہنچ سکے، تاہم اس دوران اس کی گاڑی پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گئی تھی۔