لاہور (سپورٹس ڈیسک )پاکستان کے نام نہاد سپرسٹار بائولرز نے ذلت آمیز پرفارمنس پیش کر کے قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر کروا دیا ،قومی کرکٹ ٹیم نے سپر ایٹ کے انتہائی اہم میچ میں سری لنکا کے خلاف پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنائے ۔صاحبزادہ فرحان نے 100 ، فخرزمان نے 84 رنز بنائے ، اس کے علاوہ کوئی بھی بلے باز ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا ۔سری لنکا کی جانب سے مدھوشنکا نے 3 ،چمیرا نے ایک ، داسن شاناکا نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔سری لنکا کی ٹیم ہدف کے تعاقب میںچھ وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنا سکی ۔کمیل مشرا 26 ،چاریتا آسالانکا 25 ،پون رتنائیکے 58 اور کپتان داسن شاناکا نے 8 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 76 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر پاکستانی نام نہاد سپرسٹار بائولرز کا بھرکس نکال دیا ۔پاکستان کو سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہونے کیلئے سری لنکا کو 145 تک محدود رکھنا تھا لیکن سر ی لنکا نے کمزور اور کلب لیول کی پاکستانی بائولنگ کا کچومر نکالتے ہوئے گرائونڈ کے چاروں جانب بھرپور سٹروکس کھیلے اور پاکستان کے خواب کو مٹی میں ملا دیا ۔شاہین آفریدی 48 رنز کے عوض ایک ، نسیم شاہ 36 رنز کے عوض ایک ، ابرار احمد 23 رنز کے عوض 3 ،محمد نواز 21 رنز کے عوض ایک وکٹ لے سکے ۔قومی کرکٹ ٹیم اس شرمناک شکست کے بعد سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے ۔