نوجوانوں میں دل کا دورہ پڑنے کے کیسز میں اضافے کی وجوہات جانیے

نوجوانوں میں دل کے دورے کے کیسز میں اضافے کی ایک اہم وجہ سامنے آ گئی ہے۔

حالیہ طرزِ زندگی میں تبدیلیوں کے باعث ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس، فالج اور کینسر سمیت مختلف بیماریوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کی بڑی وجہ غیر صحت مند معمولات ہیں۔ پہلے دل کے امراض کو زیادہ تر بڑھاپے کی بیماری سمجھا جاتا تھا، لیکن اب کم عمر افراد بھی اس کا شکار ہو رہے ہیں۔

فن لینڈ کی اولو یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق نیند کی کمی اور دیر سے سونا دل کی بیماریوں کے خطرات کو بڑھا دیتا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ جو لوگ وقت پر نہیں سوتے یا اپنی نیند پوری نہیں کرتے، ان میں دل کے دورے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

مطالعے میں یہ بھی سامنے آیا کہ 8 گھنٹے سے کم نیند لینے والے افراد میں دل کے دورے اور فالج کا خطرہ دو گنا تک بڑھ سکتا ہے۔ یہ تحقیق کئی سالوں تک ہزاروں افراد کے مشاہدے پر مبنی ہے۔

ماہرین کے مطابق دل کی صحت بہتر رکھنے کے لیے نیند کا باقاعدہ معمول اپنانا ضروری ہے۔ سونے سے کم از کم ایک گھنٹہ پہلے موبائل اور اسکرین کے استعمال سے گریز کیا جائے، جبکہ رات کے وقت بھاری، مرچ مصالحے والے اور تلی ہوئی غذاؤں سے پرہیز بھی فائدہ مند ہے۔ اس کے علاوہ شام کے بعد چائے اور کافی کا استعمال کم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں