
دنیا: پاکستان سمیت 10 ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ کیلئے امداد لے جانے والے “گلوبل صمود فلوٹیلا” پر اسرائیلی حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
مشترکہ بیان جاری کرنے والے ممالک میں پاکستان، ترکیے، بنگلادیش، برازیل، کولمبیا، انڈونیشیا، اردن، لیبیا، مالدیپ اور اسپین شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ گلوبل صمود فلوٹیلا ایک پُرامن اور انسانی ہمدردی پر مبنی اقدام ہے جس کا مقصد غزہ اور فلسطینی عوام کو درپیش شدید انسانی بحران کی طرف عالمی توجہ مبذول کرانا تھا۔
وزرائے خارجہ نے شہری کشتیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو نشانہ بنانے کے مسلسل واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
مشترکہ بیان میں مزید کہا گیا کہ بین الاقوامی پانیوں میں فلوٹیلا کو روکنا، کشتیوں پر حملے کرنا اور کارکنوں کو گرفتار کرنا عالمی قانون کے منافی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام گرفتار کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور ان کے حقوق و وقار کا مکمل احترام یقینی بنایا جائے۔
دس ممالک نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرے اور ان اقدامات کے خلاف مؤثر آواز بلند کرے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ان خلاف ورزیوں پر احتساب یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور اسرائیل کو کسی بھی قسم کے استثنا سے محروم کیا جائے۔