
ڈھاکہ (9 مئی 2026): پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم بنگلادیش اپنی پہلی اننگز میں 413 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ہے۔
ڈھاکہ میں جاری میچ کے دوسرے دن کھیل کا آغاز مشفق الرحیم 48 اور لٹن داس 8 رنز سے ہوا۔ بنگلادیش کی جانب سے نجم الحسن شانتو نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی اور 101 رنز بنائے۔ مومن الحق نے بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 91 رنز کی اننگز کھیلی۔
دیگر بلے بازوں میں مشفیق الرحیم نے 71 رنز بنائے جبکہ لٹن داس 33، مہدی حسن میراز 10 اور تیج الاسلام 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مجموعی طور پر میزبان ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔
پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر محمد عباس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل بنگلادیش نے پہلے دن کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز بنائے تھے۔ اننگز کے خاتمے کے بعد میچ ایک دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔