چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ڈھاکا پہنچ گئے

ڈھاکا میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی ایک روزہ دورے پر پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

رپورٹس کے مطابق محسن نقوی اپنے دورے کے دوران بی سی بی کی ایڈہاک کمیٹی کے سربراہ تمیم اقبال سے ایشیاء کپ سمیت باہمی کرکٹ امور پر بات چیت کریں گے۔

چیئرمین پی سی بی اپنے دورے میں پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان جاری ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کا کھیل بھی دیکھیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ڈھاکا کے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں جاری ہے، جہاں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستانی کپتان شان مسعود نے کہا کہ سیریز کا آغاز اچھا کرنا اہم ہے اور بولنگ میں بہتر کارکردگی دکھانا ہوگی۔

اس میچ میں پاکستان کی جانب سے دو نئے کھلاڑیوں اذان اویس اور عبداللہ فضل نے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا ہے، جنہیں ان کی ڈومیسٹک اور فرسٹ کلاس کرکٹ میں کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب بابر اعظم انجری کے باعث اس ٹیسٹ میچ سے باہر ہیں، جبکہ ٹیم مینجمنٹ نے نوجوان کھلاڑیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں