
بھارت میں ایک خاتون نے اپنے شوہر کو جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے پھنسایا اور بعد ازاں اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سونی ترپاٹھی گزشتہ چار سال سے اپنے شوہر پربھودت ترپاٹھی کے گھر سے نکالے جانے کے بعد اپنے والدین کے ساتھ جگپورہ گاؤں میں رہ رہی تھیں۔
رپورٹس کے مطابق خاتون نے اپنے شوہر کو سبق سکھانے کے لیے ایک جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنایا اور انجان لڑکی بن کر اس سے بات چیت شروع کر دی۔ اس دوران پربھودت اس فرضی لڑکی سے شادی تک کے لیے تیار ہو گیا۔
کہا گیا ہے کہ پربھودت نے متعدد بار اس نامعلوم لڑکی کو ملاقات کے لیے بلایا، اور آخرکار ایک منصوبے کے تحت سونی نے اسے دارا گنج پولیس اسٹیشن کے علاقے میں ایک مندر میں ملاقات کے لیے بلایا۔
اس موقع پر سونی کے اہلخانہ بھی قریب موجود تھے۔ جب پربھودت اپنے دوست کے ساتھ مندر پہنچا تو سونی نے اپنا چہرہ ظاہر کیا، جس پر وہ مشتعل ہو گیا اور مبینہ طور پر دھمکیاں دینے لگا۔
اسی دوران سونی کے اہلخانہ نے اسے قابو میں لے کر پولیس کے حوالے کر دیا۔