18 بار لاٹری جیتنے والے شخص نے کامیابی کا راز بتا دیا

امریکی ریاست آئیڈاہو کے رہائشی رابرٹ بیون نے 18ویں بار لاٹری جیت کر ایک مرتبہ پھر لوگوں کو حیران کر دیا۔

حال ہی میں انہوں نے ’1,000,000 کنگ اسکریچ گیم‘ میں 50 ہزار ڈالر کا انعام اپنے نام کیا۔

آئیڈاہو لاٹری حکام کے مطابق رابرٹ بیون کی خوش قسمتی کا آغاز 1997ء میں ہوا تھا، جب انہوں نے ایک خصوصی پروموشن کے دوران شیورلے بلیزر گاڑی جیتی تھی۔

اس کے بعد سے وہ مختلف مواقع پر کئی انعامات حاصل کر چکے ہیں، جن میں 2 لاکھ ڈالر تک کی بڑی رقم بھی شامل ہے۔

رابرٹ بیون کا کہنا ہے کہ لاٹری کھیلنا ہمیشہ ان اور ان کی اہلیہ کے لیے محض تفریح رہا ہے، اور دونوں برسوں سے مل کر ٹکٹ خریدتے آ رہے ہیں۔

جب حکام نے ان سے مسلسل کامیابی کا راز پوچھا تو انہوں نے جذباتی انداز میں جواب دیا کہ ان کی اصل خوش قسمتی 40 برس تک ایک ہی ذہین اور شاندار خاتون کے ساتھ زندگی گزارنا ہے۔

ان کے اس بیان نے سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے، جبکہ صارفین ان کی محبت اور وفاداری کو خوب سراہ رہے ہیں۔

آئیڈاہو لاٹری حکام کے مطابق ٹکٹوں سے حاصل ہونے والی آمدنی ریاست کے سرکاری اسکولوں اور عوامی عمارتوں کی بہتری پر خرچ کی جاتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں