لاہور (نیاز بٹ سے )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا عوام کو سستی اشیا دلوانے اور گراں فروشی کرنے والوں کیخلاف پیرا فورس کا گٹھ جوڑ،
بیدیاں روڈ کے علاقہ میں عثمان مٹن اینڈ بیف پوائنٹ اور عثمان سبزی اینڈ فروٹ منڈی کے ریٹ پر فروخت کا بینر لگانے کے بعد من مرضی کے ریٹ سبزیاں پھل اور گوشت فروخت کرنے کا انکشاف ،تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام سے لوٹ مار کرنے والے مافیا کو پٹہ ڈالنے کیلئے اربوں روپے کے بجٹ سے پیرا فورس تشکیل دی جن کا کام عوام کو سستی اشیا خریدنے میں مدد کرنا اور مہنگی اشیا فروخت کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کرنا تھا ۔لیکن بیدیاں روڈ کے خالد ، ندیم ، سرفراز ، جاوید ،اللہ دتہ ، شفیق ،قاری توحید اور مارکیٹ کے صدر اور عہدے داروں نے روزنامہ آن ریکارڈ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بغیر ریٹ لسٹ عثمان مٹن شاپ اور سبزی فروٹ کے مالک کے پیرا فورس کے ساتھ تعلقات اور مراسم ہیں جس کی وجہ سے سبزیاں فروٹ اور مٹن بیف ہر چیز کے ریٹ اپنی مرضی کے وصول کرتاہے ۔جب زیادہ ریٹ مانگنے پر پیرا فورس کو شکایات کرنے کا کہا تو اس کا کہنا تھا کہ پیرافورس ہماری فورس ہے ، آپ ڈپٹی کمشنر ، کمشنر کو شکایت لگائیں میرا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا ۔اس سلسلے میں انچارج پیرا فورس اے سی کینٹ فاطمہ ارشد سے رابطہ کیا تو انہوں نے فون سننا گوارہ نہ کیا ۔اہل علاقہ کی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور پیرا فورس کے اعلیٰ افسران سے اپیل ہے کہ فوری طور پر عوام کو ریلیف دینے کیلئے شکایات سیل بنائے اور لوٹ مار کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں۔