لاہور (نیاز بٹ سے )شالیمار زون میں غیر قانونی پلازہ کی بھرمار ، زیڈ او پی پلاننگ اور چیف پلاننگ افسر کے آشیر باد سے بلڈنگ انسپکٹر غیرقانونی طور پر بغیر کمرشل فیس اور بغیر نقشہ فیس و منظوری بنوانے میں ملوث ،باغبانپورہ کے علاقے میں حویلی میاں آصف معراج کے ساتھ کارنر پلازہ بغیر پارکنگ غیر قانونی بیسمنٹ چند ہفتوں میں دن رات راج مزدور لگا کر بنایا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق شالیمار زون کے زونل آفیسر او ربلڈنگ انسپکٹر نے اس غیرقانونی تعمیر کے خلاف نہ تو کوئی کارروائی کی اور نہ ہی سیل کیا ۔جبکہ روڈ پر ریت بجری کی وجہ سے روڈ بلاک رہتا ہے اور گزرنے والی عوام کو گزرنے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے غیر قانونی پلازوں کے خلاف فوری کارروائی کے احکامات دے رکھے ہیں لیکن پلازہ مافیا سیاسی اثر و رسوخ سے غیر قانونی پلازے بناتے ہوئے قومی خزانے کو کمرشل فیس اور نقشہ کی مد میں کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا رہے ہیں ۔اہل علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب ، چیف سیکرٹری ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سے اپیل کی ہے کہ غیر قانونی پلازوں کی روک تھام اور کرپشن پر کنٹرول کیلئے ہائی لیول ڈیزائن کمیٹی بحال کی جائے جو کہ سرکاری محکموں کے چیف افسران پر مشتمل تھی۔کسی بھی ہائی رائز بلڈنگ کی منظوری کیلئے کمرشل فیس اور نقشہ فیس جمع کروانے کے بعد نقشہ منظور کر لیا جاتا اور غیر قانونی تعمیر کرنے پر افسران فوری ایکشن لیتے ہوئے غیر قانونی پلازے کو سیل کر دیتے اور جرمانے کرتے جس سے قومی خزانے کے ریونیو میں اضافہ ہوتا لیکن جن سے ہائی لیول ڈیزائن کمیٹی کو معطل کیا ہے اس وقت سے سینکڑوں غیر قانونی پلازے بنا کر اربوں روپے کا ریونیو چوری کیا گیا ہے ۔