apna lahore

پاکستان کی ناقص کپتانی خراب فیلڈنگ ، بھارت ایشیا کپ لے اڑا

لاہور (سپورٹس ڈیسک )بھارت نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے ۔دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔قومی کرکٹ ٹیم انتہائی شرمناک پرفارمنس پیش کرتے ہوئے 146 رنز بنا کر آخری اوور کی پہلی گیند پر آئوٹ ہوگئی ۔صاحبزادہ فرحان 57 ،فخر زمان 46 اور صائم ایوب 14 رنز بنا سکے جبکہ 8 پاکستانی کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہیں ہوسکے ۔محمد حارث زیرو ، کپتان سلمان علی آغا8،حسین طلعت 1 ،محمد نواز6 ،شاہین آفریدی 0 ،فہیم اشرف 0 ،حارث رئوف6 ،ابرار احمد ایک رن بنا کر ناٹ آئوٹ رہے ۔انڈیا کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 4 ،اکشر پاٹیل ، ورن چوہدری اور جسپریت بمرا نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔بھارت نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی چوتھی گیند پر پورا کرتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کر لی ۔تلک ورما نے پاکستانی بائولرز کی کھل کر دھلائی کی اور 3 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 69 رنز ناٹ آئوٹ بنائے ۔شیوم دوبے نے دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 33 ،سنجو سیمسن نے دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 24 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل پر پاکستانی بائولرز کو حواس باختہ کر دیا ،پاکستان کی جانب سے اہم ترین معرکے میں ناقص فیلڈنگ اور خراب بائولنگ کا سلسلہ جاری رہا جس کا بھارتی بلے بازوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا ۔پہلے اوور میں وکٹ لینے کے حوالے سے شہرت رکھنے والے شاہین آفریدی صرف ایک وکٹ لے سکے ، فہیم اشرف نے 3 ،ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی ۔ لائن اور لینتھ سے ہٹ کر بائولنگ کرنے کا پاکستانی ٹیم کو خاصا نقصان ہوا اور بھارتی ٹیم نے پاکستانی بائولرز کو ناکوں چنے چبواتے ہوئے دو گیند قبل ہدف اپنے نام کر لیا ۔تلک ورما کو 69 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ اور ابھیشک شرما کو مین آف دی سیریز کا خطاب دیا گیا ۔ پاکستانی بائولرز بھرپور کوشش کرنے کے باوجود کسی بھی بھارتی بلے باز کو دبائو میں لانے میں کامیاب نہ ہوسکے اور اس طرح بھارتی کرکٹ ٹیم نے مسلسل وکٹیں گرنے کے باوجود میچ میں کامیابی حاصل کر کے ایشیا کپ کا تاج اپنے سر سجا لیا ۔ناقدین کی جانب سے میچ میں سلمان علی آغا کی کپتانی کو بھی خاصی تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور کہا گیا کہ اگر ان کی بجائے محمد رضوان کو کپتان بنایا جاتا تو اتنے اہم میچ میں ان کی جانب سے جارحانہ کھیل پیش کیا جاتا جس سے میچ کا نقشہ اور نتیجہ تبدیل ہوسکتا تھا ۔

اپنا تبصرہ لکھیں