لاہور(سید زمان شاہ / کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سی سی ڈی بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان ریجن کی کارکردگی بارے اہم اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ریجنز کے آر پی اوز، ڈی پی اوز، آر اوز اور ڈی اوز سی سی ڈی نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ آئی جی پنجاب نے سی سی ڈی کے دونوں ریجنز سمیت متعلقہ اضلاع کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ سی سی ڈی ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور کے آر اوز نے حاصل کردہ اہداف بارے بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب نے مشترکہ آپریشن کے دوران بوسن گینگ کا خاتمہ کرنے پر سی سی ڈی مظفر گڑھ، راجن پور اور ضلعی پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی سی ڈی، ضلعی پولیس کی موثر کوارڈینیشن اور کاوشوں سے ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور کے کرائم میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور کے کچہ کریمنلز سمیت آرگنائزڈ جرائم کا خاتمہ سی سی ڈی کی اولین ترجیح ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سنگین جرائم کے خاتمے کے لئے ضلعی پولیس اور سی سی ڈی میں بہترین ورکنگ ریلیشن شپ وجود میں آئی ہے۔ ضلعی پولیس کی طرف سے سی سی ڈی کو مکمل ہیومن ریسورس، ٹرانسپورٹ، دفاتر اور لاجسٹکس فراہم کیے گئے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی نے کہا کہ سی سی ڈی ضلعی پولیس کی معاونت سے سنگین جرائم کے خاتمے پر فوکس کر رہی ہے۔ آئی جی پنجاب نے سی سی ڈی کو ہائی پروفائل اشتہاری مجرمان اور گینگز کی گرفتاری میں مزید تیزی لانے کا حکم دیا۔ سی سی ڈی افسران دئیے گئے اہداف کے مطابق گرفتار ملزمان کے ریکارڈ اور چالاننگ کی تمام تفصیلات اپ ڈیٹ رکھیں۔ موٹر سائیکل و مویشی چوری کی روک تھام، گم شدہ بچوں اور خواتین کی بازیابی کے لئے کوششیں مزید تیز کریں۔ ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر، ڈی آئی جی سی سی ڈی وقاص الحسن، ڈی آئی جی سی سی ڈی عمر فاروق سلامت، اے آئی جی آپریشنز زاہد نواز مروت اور اے آئی جی ایڈمن اسد اعجاز ملہی اجلاس میں موجود تھے۔