لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی قیادت میں لاہور پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف تادیبی کارروائیاں جاری ہیں۔تفصیلات کے مطابق مانگا منڈی پولیس نے دوران چیکنگ منشیات فروش کوگرفتارکر لیا۔ ملزم کی شناخت محمد اکرم کے نام سے ہوئی۔گرفتارملزم کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کی 5 کلو 640 گرام چرس برآمدہوئی۔ ملزم نے تعلیمی اداروں، ہوسٹلز، کالجز کے اطراف میں نو جوان نسل کو منشیات بیچنے کا اعتراف کیا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔ کاہنہ پولیس کی دوران پٹرولنگ پتنگوں کی سپلائی ناکام بنادی۔ قصور کا رہائشی ملزم حمزہ کیری ڈبہ میں پتنگیں چھپا کر لاہور لارہا تھا جسے گجومتہ کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے قبضہ سے 300 پتنگیں،30 کیمیکل ڈور کی گوٹ برآمدہوئیں۔ ملزم کے زیر استعمال گاڑی بھی پولیس تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ بادامی باغ پولیس گٹکا فرشوں کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے 2 ملزمان گرفتار کر لیئے۔گرفتار ملزمان میں ذیشان اور شاہ زیب شامل ہیں۔ ملزمان گرفتاری سے بچنے کے لیے پان شاپ کی بجائے گلی محلوں اور مارکیٹ میں بالٹیاں رکھ کر گٹکا فروخت کرتے تھے۔ اسی طرح ملت پارک ڈولفن سکواڈ نے شدید مزاحمت کے بعد 2مشکوک ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔ڈولفن جوانوں نے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا۔ملزمان اسلحہ لہراتے ہوئے موقع سے فرارہوگئے جنہیں تعاقب کے بعد شباب چوک سے راؤنڈ اَپ کیا گیا۔ ملزمان کے قبضہ سے پستول، گولیاں،موٹر سائیکل اورموبائل فونز برآمدکئے گئے۔ ڈولفن سکواڈنے نوانکوٹ سے بھی 2 مشکوک ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمدکر لیا۔گرفتار ملزمان میں آفتاب اور ندیم شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضہ سے موٹر سائیکل، 1 پستول، گولیاں و میگزینز برآمدہوئے۔ ساندہ پولیس نے اسلحہ کی نمائش وہوائی فائرنگ میں ملوث 4 ملزمان گرفتار کر لئے۔ گرفتار ملزمان میں طیب، احسن، عثمان اور سلطان شامل ہیں۔ ملزمان سے مجموعی طور پر 1 رائفل اور 4 پستول برآمدہوئے۔ مجاہد سکواڈنے ناکہ عبدالستار ایدھی سے قتل و قبضہ کے مقدمات میں 2 اشتہاری گرفتار کرلیئے۔ ملزمان 4 سال سے خوشاب اور حافظ آباد پولیس کو مطلوب تھے۔ملزمان گرفتاری سے بچنے کیلئے لاہور میں روپوش تھے۔ملزمان کوقانونی کارروائی کیلئے تھانہ چوہنگ منتقل کر دیا گیا۔ چوکی پنجاب سوسائٹی پولیس نے اغواء کے مقدمہ میں مطلوب بچی کو تلاش کر لیا۔ 9 سالہ مافیہ گھر سے باہر چیز لینے کے لیے نکلی لیکن گھر واپس نہ پہنچی۔ پولیس نے بچی کے والد محمد شہزاد کی درخواست موصول ہونے پر فوری نا معلوم کے خلاف اغواء کا مقدمہ درج کر لیا۔پولیس نے24 گھنٹوں کے اندر بچی کو دبئی چوک سے بحفاظت تلاش کر لیا۔