اوکاڑہ (محمد اسلم بھٹی)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خاں نے یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں دوسرے کانووکیشن کی پروقار تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ 10654 طلبا و طالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا کو گولڈ میڈلز بھی دئیے گئے،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور وائس چانسلر ڈاکٹر سجاد مبین نے طلبا و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں. پوزیشن ہولڈرز طلبا کو گولڈ میڈلز پہنائے گئے، گورنر پنجاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی ایک نیا تعلیمی ادارہ ہونے کے باوجود تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہی ہے وائس چانسلر پروفیسر سجاد مبین کی قیادت میں یہ ادارہ مستقبل قریب میں نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کی بہترین جامعات کی صف میں شامل ہو گامیں تمام اساتذہ کو کانووکیشن کے کامیاب انعقاد پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد دیتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وائس چانسلر اسی جذبے کے ساتھ یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی کا سفر جاری رکھیں گے، سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ چانسلر آفس یونیورسٹی اور وائس چانسلر کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتا رہے گا۔ انہوں نے طلبا کو نصیحت کی کہ وہ اپنی محنت جاری رکھیں تاکہ امت مسلمہ اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکے، انہوں نے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہاپاکستان کی یوتھ باصلاحیت ہے۔ آج کا دن طلبا کے ساتھ ساتھ ان کے والدین کے نام ہے جنہوں نے اپنے بچوں کو تعلیم دلوائی، گورنر پنجاب نے اس موقع پر کردار سازی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاتعلیم کے ساتھ ساتھ کردار کی تعمیر بھی نہایت ضروری ہے سٹوڈنٹس اپنی محنت اور بلند کردار سے پاکستان کا پرچم پوری دنیا میں بلند کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین نے کہا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی کا یہ دن ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم اور اساتذہ کی انتھک محنت کی بدولت آج یونیورسٹی کی ساکھ مضبوط ہوئی ہے اور ہم اعلی تعلیم کے میدان میں نئی بلندیوں کی طرف گامزن ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبا کو صرف تعلیم ہی نہیں بلکہ اخلاقیات، تحقیق اور قومی خدمت کے جذبے سے بھی لیس کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، تقریب میں سیاسی و سماجی رہنمائوں میاں علی حسن(سابق ایم این اے)، سجاد الحسن (سابق ایم این اے)، رائے غلام مجتبیٰ، رانا عبد الرحمن ایڈووکیٹ، شبیر حسین جعفری،سینئر صحافی سلیمان غنی اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی، اس موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے جن کی نگرانی ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت اور ایس پی انویسٹی گیشن ملک داد احمد خان نے کی۔ سکیورٹی اہلکاروں نے نہایت پیشہ وارانہ انداز میں تقریب کو پرامن اور منظم طریقے سے مکمل کرایا۔